نئی دہلی، 16دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) بی جے پی ترجمان اشونی اپادھیائے کو سپریم کورٹ نے بار بار مفاد عامہ عرضی دائر کرنے پر پھٹکار لگائی اور کہا کہ کورٹ کوئی سیاسی میدان نہیں ہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ آپ کیابی جے پی کے لئے سپریم کورٹ میں تشہیر کر رہے ہیں؟، کیا بار بار ہر معاملے پر مفاد عامہ کی عرضی دائر کرنے کے لئے بی جے پی فائنانس کر رہی ہے؟، کیابی جے پی نے آپ کو سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا کام دیا ہے؟، آپ بی جے پی کے ترجمان ہیں تو عدالت میں کیوں ہیں؟۔کورٹ نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں ہے اور آپ کو وزیر کے پاس جا کر جو بھی دقتیں ہیں، انہیں دور کر سکتے ہیں،ایسا کوئی دن نہیں گیا جب ہم نے آپ کو عدالت میں نہ دیکھا ہو، آپ کے پاس دوسرا کام نہیں ہے۔آپ کپل سبل پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ سیاسی ہستی ہیں اور اب آج آپ خود بتا رہے ہیں کہ آپ پی جے پی کے ترجمان ہیں۔دراصل اشونی اپادھیائے نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرکے ملک میں شراب کو لے کر نیشنل لیکر پالیسی بنانے کی مانگ کی تھی۔سپریم کورٹ نے درخواست مسترد کر دی ہے۔